• news

آسٹریلیا نے پاکستان کوٹی 20سیر یز میں وائٹ واش کردیا 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔ ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کا 118 رنز کا ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے مارکوس اسٹونس نے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت ناقابل شکست 61 رنز بنائے جبکہ جوش انگلس نے 27 اور جیک فراسر نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور 18.1 اوورز میں پوری ٹیم 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بابراعظم 41 اور حسیب اللہ خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہین آفریدی 16، صاحبزادہ فرحان 9، جہاندداد خان 5، عثمان خان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان آغا، عباس آفریدی سفیان مقیم ایک، ایک رن بناسکے۔ حارث روف صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایرون ہارڈی نے 3، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی قیادت نائب کپتان سلمان علی آغا نے کی جبکہ محمد رضوان میچ میں شریک نہیں ہوئے۔ پاکستانی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسیب اللہ، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن