ہسپانوی سینٹ کے وفد کی ملاقات : سرمایہ کا روں کو ویلکم سیلاب سے بچائو کیلئے سٹم ، ریسکیو سر وسز پر ملکر کا م کرنا چاہتے ہیں مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپین کی سینٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سپین کی سینٹ کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ سپین کی سینٹ کے وفد کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت اور سیاحت کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر معاشی تعاون، کلائمیٹ چینج، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ اور ماحولیاتی آلودگی پر اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپین کے شہر ویلنسیا میں سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور تعاون کی پیش کش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپین کی جانب سے پاکستان میں فلڈ رسپانس پلان کے تحت ریلیف پیکج کو سراہا۔ ملاقات میں ہسپانیہ کے شہر قرطبہ میں علامہ اقبال سے منسوب سٹریٹ کا بھی ذکر کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپین یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا ایکسپورٹ پارٹنر ہے، باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے سپین کی حمایت کو دل سے سراہتے ہیں۔ سپین کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ کے لئے ارلی وارننگ سسٹم اور ریسکیو سروسز پر ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پارلیمانی ڈپلومیسی کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پنجاب کو سیاحتی ہب بنا رہے ہیں اور سپین کے انویسٹرز کو ویلکم کریں گے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی پیکیج مرتب کیا جارہا ہے۔ وویمن ایمپاورمنٹ پر خصوصی فوکس کر رہے ہیں۔ خواتین ارکان اسمبلی کی تعداد پہلے سے بڑھ چکی ہے۔ سپین کے پارلیمانی وفد نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے منصب پر خاتون کا ہونا نہایت خوش آئند ہے۔ مریم نواز نے بچوں پر تشدد، استحصال، بدسلوکی کے تدارک اور بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف ہر قسم کے تشدد کا تدارک کریں گے۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ والدین بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں، کھل کر بات کریں اور خیال رکھیں۔ معاشرے میں کچھ بچوں کا بدسلوکی، استحصال اور تشدد کا شکار ہونا افسوسناک ہے۔ ہر قسم کا استحصال بچوں کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی نشوونما کو متاثر کرتا ہے۔ بچوں پر تشدد شخصیت اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب کرتاہے، تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اور بروقت امداد کیلئے پاکستان کا پہلا ورچوئل چالڈ سیفٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو مزید فعال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں 3 سالہ بچے کا کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور سیکرٹری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جبکہ مریم نواز شریف نے سینئر صحافی، ادیب اور دانشور خالد احمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔