• news

فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا معاملہ، سپریم کورٹ میں جلد سماعت کیلئے لطیف کھوسہ کی درخواست 

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے معاملے پر وکیل لطیف کھوسہ نے جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی ہے۔ درخواست میں کیس کو نومبر کے آخری ہفتے میں سماعت کیلیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے 103 ملزموں کے مقدمات دوسری عدالتوں میں بھیجنے کا حکم دیا۔ انٹر کورٹ اپیلوں میں سپریم کورٹ نے حتمی فیصلے سے روک رکھا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ 13 دسمبر 2023ء کو سپریم کورٹ نے مقدمے کو جنوری کے تیسرے ہفتے میں مقرر کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ آج تک مقرر نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ 11 جولائی 2024ء کو فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس میں سپریم کورٹ نے ملزموں سے غیر انسانی سلوک نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی تھی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن