میٹرک، انٹر میں گریس مارکس 5 کرنے، یتیموں کیلئے فیس چھوٹ کی منظوری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) آئی بی سی سی (انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمشن) نے نئے گریڈنگ فارمولے کے ضمن میں گریس مارکس 3 سے بڑھاکر 5 کر دئیے ہیں، اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں میٹرک اور انٹر کے امتحانی نتائج پر 2025ء کے امتحانات سے ہی کیا جائے گا۔ اس بات کی منظوری پیر کو ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کے منعقدہ دو روزہ اجلاس کے پہلے دن دی گئی۔ یہ گریس مارکس زیادہ سے زیادہ دو مضامین میں مجموعی طور پر دئیے جا سکیں گے تاہم کسی تیسرے مضمون میں امیدوار کے فیل ہونے کی صورت میں تیسرے مضمون پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ جن میں یتیم طلباء کو تعلیمی فیسوں کی چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق فارم میں امیدوار کے والد زندہ ہونے یا نہ ہونے سے متعلق کالم شامل کیا جائے گا۔ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے یونیورسٹی داخلوں کے شیڈول کے ہم آہنگی کے حوالے سے بھی تجاویز پر بات چیت کی گئی اور تمام صوبوں نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ امتحانات کا شیڈول یکساں ہو گا جس کے مطابق مارچ/اپریل میں امتحانات شروع ہوں گے اور جون/جولائی میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا تاکہ اعلیٰ تعلیمی درس گاہوں میں داخلوں کو امتحانی نتائج کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔