پی ٹی آئی احتجاج کیلئے کنٹینر تیار، الجہاد کے تعرے ، ؑعمران کے بغیر واپش نہیں آنا ، گنڈاپور
پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے خصوصی کنٹینر تیار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 24 نومبر احتجاج کے لیے پی ٹی آئی نے تیاریاں تیز کرلیں اور خصوصی کنٹینر تیار کرلیا، جس میں سائونڈ سسٹم بھی نصب کردیا گیا جبکہ کنٹینر میں کانفرنس روم، واش روم، بیڈ روم سمیت دیگر سہولتیں موجود ہیں۔ وزیراعلی خیبرپی کے علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنما کنٹینر میں موجود رہیں گے اور اسی کنٹینر سے تقاریر کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں الجہاد الجہاد کے نعرے لگ گئے۔ ورکرز اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جب کہا کہ ہم نے عمران خان کی رہائی کے بغیر واپس نہیں آنا تو کارکنوں نے نعرے لگانا شروع کردیئے۔ پی ٹی آئی کارکنان کافی دیر تک الجہاد الجہاد کے نعرے لگاتے رہے۔ علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ملکر عمران تیرے جانثار، بے شمار بے شمار کے نعرے لگوائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اس بار نوجوانوں نے عمران خان کو نکالنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے لئے پورا بندوبست کیا گیا ہے، جعلی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے، اس بار بھی پہنچیں گے، کنٹینرز عوام کے جوش و جذبے کے سامنے ریت کی دیواریں ثابت ہوں گے۔ وزیر اعلی ہائوس کے پی کے میں پی ٹی آئی کے 24نومبر کو اسلام آباد احتجاج سے متعلق اجلاسوں میں 10 ارکان نے شرکت نہیں کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عاطف خان اور جنید اکبر سمیت 5 ایم این ایز نے کسی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ مالاکنڈ سے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان سمیت مردان، سوات، نوشہرہ اور صوابی سے تعلق رکھنے والے 4 ایم پی ایز نے بھی اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔ رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کہا کہ میٹنگ میں جانا ضروری نہیں بلکہ احتجاج کیلئے ورکرز کو نکالنا اہم ہے، مردان میں ہوں، احتجاج کے اخراجات خود اٹھائوں گا۔ جنید اکبر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بانی پی ٹی آئی نے چنا ہے، ان کے ساتھ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ 24 نومبر کو غلامی سے نجات کیلئے نکلنا ہے۔ مشکل وقت آتا ہے مگر ڈرنا نہیں۔ اوورسیز پاکستانی بھی باہر نکلیں۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے حتمی احتجاج سے قبل انتظامیہ نے ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اسلام آباد میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پانچ یا پانچ سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ہم نے حکمت عملی بنائی ہے حکومت کو سرپرائز دیں گے۔ آج اپیکس کمیٹی کی میٹنگ میں گنڈا پور اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے۔