پاکستان کے زرعی اور آبی نظام ، قابل تجدید توانائی سسٹم میں جدت کیلئے مدد کررہے امریکی سفیر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اسلام آباد میں یو ایس ایڈ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کیا، جس کا مقصد پاکستان میں امریکی معاونت سے مکمل ہونے والے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی کامیاب تکمیل اور ان کی افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر ویریا (کیٹ) سوم وانگسیر بھی موجود تھیں۔ مہمانان خصوصی نے سات دہائیوں پر محیط پاک امریکہ تعلقات کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر احسن اقبال نے پاک امریکہ تعلقات کی سٹرٹیجک اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا پاک-امریکہ تعلقات کی سٹرٹیجک اہمیت پر غور کرنے، اور نو منتخب امریکی قیادت کے ساتھ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے پاکستان میں امریکی معاونت سے مکمل ہونے والے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے انقلابی اثرات کو سراہا۔ انہوں نے فلبرائٹ سکالرشپ پروگرام کو سراہا، جو پاکستان کے لیے دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے اور ہزاروں پاکستانیوں کو قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ احسن اقبال نے پاک امریکہ تجارت کو زراعت، آئی ٹی اور پیداواری شعبے میں وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے میں مدد ملے گی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی، آبی انتظام اور پاکستان کے زرعی نظام میں جدت لانے کے لیے مدد کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ شراکت داری 2 ارب ڈالرز تک ہے جس کے تحت پاکستان میں انفراسٹرکچر میں بہتری لا رہے ہیں۔ یہ امریکا کی جانب سے اداروں کو مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے کافی متاثر ہے۔ امریکہ میں عوام کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے اور یہی جمہوریت ہے، ٹرمپ انتظامیہ امریکہ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔