پاکستان کی طرف سے حق خودارادیت کی توثیق کی قرارداد جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے پیش کی گئی قرار داد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ہے، جس میں حق خودارادیت کے اصول کے حوالے سے عالمی عزم کی تجدید کی گئی ہے ۔ پاکستان نے کہا ہے کہ اس کی توجہ ایک ایسی دنیا بنانے پر مرکوز ہے جہاں ہر کوئی ظلم سے پاک، وقار کے ساتھ رہ سکے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ روز 65 ممالک کے تعاون سے سماجی، انسانی اور ثقافتی مسائل سے متعلق جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں یہ قرارداد پیش کی جسے بغیر رائے شماری کے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ پاکستان اس قرارداد کو 1981 سے سپانسر کر رہا ہے، جس میں دنیا کی توجہ ان لوگوں بشمول فلسطین اور کشمیر کے لوگوں پر مرکوز کرائی جاتی ہے جو اب بھی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ قرارداد کا متن توثیق کے لئے آئندہ ماہ جنرل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔قرارداد کی شرائط کے تحت جنرل اسمبلی غیر ملکی فوجی مداخلت اور قبضے کی کارروائیوں کے خلاف واضح موقف کا اعلان کرے گی جو لوگوں اور قوموں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لیے ذمہ دار ریاستوں سے ان اقدامات کو روکنے کا مطالبہ کرے گی۔ پاکستانی مندوب نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ایک ایسی دنیا کی تشکیل ہے جہاں ہر قوم، ہر برادری اور ہر فرد وقار کے ساتھ، جبر سے آزاد اور اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی صلاحیت کے ساتھ زندگی گزار سکے۔