• news

نیب ترامیم سے آپ بھی مطمئن ہیں: پشاور ہائیکورٹ ایسا ہی ہے: وکیل گنڈا پور، درخواست نمٹا دی گئی

لاہور + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے تھانہ مناواں کے مقدمے میں علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری کئے۔ کاہنہ جلسے کیلئے آتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے توڑنے پر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ دریں اثناء پشاور ہائیکورٹ نے نیب نوٹس کیخلاف وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کی درخواست نمٹا دی۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نیب 500 ملین میں انکوائری کر سکتا ہے یہ 304 ملین کا کیس ہے جس پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس میں کہا اس کا مطلب ہے آپ بھی نیب ترامیم سے مطمئن ہیں، وکیل درخواست گزار نے ہنستے ہوئے جواب دیا جی ایسا ہی ہے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے خلاف ابھی انکوائری چل رہی ہے ان کو نوٹس بھیجا تھا، جو زائدالمیعاد ہو گیا ہے۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ترامیم کے بعد تو نیب 500 ملین سے زائد میں انکوائری کر سکتا ہے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انکوائری چل رہی ہے ہم نہیں بتا سکتے کہ کتنی رقم ہے، ہو سکتا ہے500 ملین سے زیادہ ہو، ان کو نوٹس بھیجا تھا یہ پیش نہیں ہوئے اب کوئی نیا نوٹس نہیں بھیجا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کوئی نیا نوٹس نہیں ہے تو پھر ہم اس کیس کو نمٹا دیتے ہیں۔ بعدازاں عدالت عالیہ نے نیب نوٹس کے خلاف علی امین گنڈاپور کی درخواست نمٹا دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن