• news

آئیڈیاز 2024 کا افتتاح، پاکستان ذمہ دار ملک دنیا میںامن کیلئے منفرد کردار ادا کر رہا ہے: خواجہ آصف

کراچی(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے،پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی، آئیڈیا نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون اور علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی، آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس ہے ۔وہ منگل کوکراچی  میں 4 روزہ عالمی دفاعی انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینارآئیڈیاز2024  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ آئیڈیاز کا اٖفتتاح وزیراعظم شہباز شریف نے کرنا تھا تاہم طبعیت کی ناسازی اور اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث وہ کراچی نہیں پہنچ سکیں ان کی جگہ وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے افتتاح کیا۔آئیڈیاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تمام وفاقی وزرا، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک،پرائیویٹ سیکٹر دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی مصنوعات بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، اس ڈومین میں مزید سبقت کے لیے پرائیویٹ ڈیفنس انڈسٹری کے انضمام اور دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں آر اینڈ ڈی تنظیموں کی شمولیت کی ضرورت ہے۔حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ، نہ صرف دوطرفہ مسائل کے حل بلکہ خطے میں امن اور ہم آہنگی کو موقع فراہم کرنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔  نمائش میں دنیا بھر سے 550سے زائد نمائش کنندگان نے اسٹالز لگائیں ہیں۔ جبکہ  دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی نکتہ نظر کے تحت کراچی بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی  ۔ شہر قائد میں دفعہ 144 کا نفاذ 7دن کیلئے کیا گیا ہے، کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 18 نومبر سے 24 نومبر تک ہوگا، ان ایام میں جلسے، جلوس، ریلیاں نکالنے پر سخت پابندی ہوگی۔ کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نافذ کردہ دفعہ144کے تحت5سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن