• news

اخراجات کی اقساط میں وصولی، حج درخواستوں میں رواں برس ریکارڈ اضافہ 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) رواں سال حج کے لیے موصول درخواستوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ حج اخراجات اقساط میں وصول کرنے کے وزارت مذہبی امور کے فیصلے کے مثبت اثرات سامنے آ گئے۔ پہلے 2 روز میں مجموعی طور پر 4774 درخواستیں موصول ہوئیں۔ گزشتہ برس پہلے 2 دنوں میں 1300  درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ریگولر سرکاری حج سکیم کے تحت 4734 درخواستیں جمع ہوئیں۔ بنکوں کو سپانسرشپ سکیم کے تحت 40 درخواستیں موصول ہوئیں۔ واضح رہے کہ امسال سرکاری سکیم کے تحت درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کیے جا رہے ہیں۔ قرعہ اندازی میں نام آنے پر 4 لاکھ، باقی رقم 10 فروری تک جمع کرانا ہو  گی۔ سرکاری سکیم کے لیے حج درخواستیں 3 دسمبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ کوٹے سے زیادہ درخواستیں آنے پر ریگولر سکیم کی قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہو  گی۔

ای پیپر-دی نیشن