• news

پیپلز پارٹی پی اے سی سربراہی کی خواہاں، کمیٹی اجلاس کیلئے سپیکر کو خط لکھ دیا 

اسلام آباد (نمائندہ  خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی فنانس کے سر براہ سینٹر سلیم مانڈوی والا نے سپیکر قومی اسمبلی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کی توجہ دلائی ہے کہ مارچ میں حکومت  بننے کے بعد سے اب تک پبلک اکاؤنٹس کمیٹی غیر فعال ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ پی اے  سی کا حکومتی اخراجات کی جانچ پڑتال کرنے کا ایک موثر کردار ہے اور اس کمیٹی کا غیر فعال ہونا غیر معمولی بات ہے۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ کمیٹی کا کام بلا رکاوٹ جاری رہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے وہ تجویز کرتے ہیں کہ پی اے سی کا اجلاس بلایا جائے اور کمیٹی ارکان کو موقع دیا جائے کہ جب تک مستقل چئیر مین نہیں بنتا وہ اپنے درمیان میں سے ایک کو چیئرمین منتخب کر لیں، جیسا کہ دوسری کمیٹیوں کے اجلاس میں طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ ای سی کے ممبران کمیٹی کا اجلاس بلا رہے ہیں اور اس سلسلے میں آپ کی مدد کی ضرورت ہے، انہوں نے اپنے خط کے ساتھ ریکوزیشن منسلک کی ہے جس میں کمیٹی کے11 ارکان کے نام اور دستخط موجود ہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا  ہے، سپیکر کے اجلاس نہ بلانے کی صورت میں پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سپیکر ایاز صادق سے مدد بھی مانگ لی، جب تک مستقل چیئرمین نہیں بنتا کمیٹی اراکین خود اپنا چیئرمین الیکشن کے ذریعے منتخب کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی پی پی اے سی کی سربراہی کی متمنی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن