پاکستانی، چینی افواج کی مشترکہ مشق وارئیر 8 کا آغاز
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک آرمی اور چینی لبریشن آرمی کے درمیان سالانہ آٹھویں مشترکہ مشق واریئر-VIII کا آغاز ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان آرمی اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ مشق واریئر-VIII کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹرٹیررزم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا تین ہفتے طویل مشق انسداد دہشت گردی کے شعبے میں کی جا رہی ہے اور یہ سالانہ بنیادوں پر ہونے والی باہمی مشقوں کی آٹھویں مشق ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس مشق کا مقصد پیشہ ورانہ مہارتوں کو مشترکہ تربیت کے ذریعے بہتر بنانا ہے۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مضبوط بنانا بھی اس مشق کا اہم مقصد ہے۔ پبی میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز تھے اور انہوں نے اس موقع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔