پنجاب میں تفریحی مقام کھول دیئے گئے، آلودہ شہروں میں لاہور پھر سر فہرست
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سموگ میں کمی کے باعث پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے پنجاب بھر کے تفریحی مقامات کو کھول دیا گیا۔ ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق پارکس، چڑیا گھر، پلے گراؤنڈ، آؤٹ ڈور سپورٹس کی اجازت دے دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تفریحی مقامات کو رات 8 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی۔ ہر قسم کے فیسٹیول، نمائش کی بھی اجازت دے دی گئی۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں مارکیٹس 8 بجے بند ہوں گی۔ ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹس 8 بجے بند ہوں گی۔ فیصلے کا اطلاق دکانوں، شاپنگ مالز، مارکیٹس پر ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، تنور، ڈیپارٹمنٹل و گروسری سٹورز سمیت بنیادی ضرورت کی اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ بیکریوں کو 8 بجے کے بعد بھی کام کرنے کی اجازت ہو گی۔ دریں اثناء سموگ نے لاہور کو نشانے پر رکھ لیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 593 پر پہنچ گئی جبکہ بھارتی شہر دہلی 372 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور کراچی 214 ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ لاہور کینٹ میں اے کیو آئی 876 اور شملہ پہاڑی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 840 ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے میں فضائی آلودگی کی شرح 682 پر جا پہنچی۔ اس کے علاوہ فیصل آباد 285 ائیر انڈیکس کے ساتھ دوسرے اور روجھان 264 کے ساتھ آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر رہا۔ کراچی 221 ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا میں تیسرے نمبر پر رہا۔ دوسری جانب وادی کوئٹہ میں فضا کا معیار بہترین قرار دیا جارہا ہے۔