دریائے سندھ پر مزید 6 نہروں کا وفاقی منصوبہ متنازعہ ہو جائیگا: بلاول
کراچی (این این آئی + آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متنازعہ منصوبے شروع کرنے کے بجائے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں، اپنی رائے کو زبردستی نافذ کرنے سے منفی اثرات مرتب ہوں گے، دریائے سندھ پر مزید نہروں کا وفاقی منصوبہ کالا باغ ڈیم کی طرح متنازعہ ہوجائے گا۔دریائے سندھ پر مزید 6 نہروں کے منصوبے کے حوالے سے اپنے بیان میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شراکت داروں سے بات چیت کرکے اتفاق رائے قائم کریں، زبردستی اپنی رائے کو ملک پر مسلط کرنے کا منفی اثر ہوگا، زبردستی رائے مسلط کرنے سے سیاست، زراعت اور معیشت متاثر ہوگی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے فیصلے پرغور کرے، ہم وفاقی حکومت کو سمجھانے کی کوشش کریں گے، پیپلز پارٹی گرین سندھ کا منصوبہ وفاقی حکومت سے شیئر کرے گی، وفاقی حکومت بھی اپنے پوائنٹس ہم سے شیئر کرے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے کالا باغ ڈیم کی طرح متنازع منصوبہ نہ بنائیں، اگر اعتراضات دور نہیں کیے گئے تو یہ پورا منصوبہ متنازعہ ہو جائے گا، جس طرح کالا باغ ڈیم منصوبہ متنازع ہوا، اس کے ساتھ بھی ایسا ہوگا، وفاقی حکومت ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے اچھے منصوبے متنازع بن جائیں، مل کر وہ فیصلے کریں جو ملک کے فائدے کے لیے ہوں۔