بانی پی ٹی آئی کو ننگے پاؤں مدینہ جانے کی سزا ملی، باجوہ کو کالیں آئیں کیا اٹھا لائے: بشریٰ بی بی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ ہم نے ورکرز کو جہاد کے نعرے لگانے کو نہیں کہا،یہ نعرہ کارکنان کے دلوں سے خود نکلتا ہے، ہماری دعا ہے کہ ہمارے ہاتھ سے اللہ اچھے کام کرائے ، عمران خان جب ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر) باجوہ کو فون کالز آنا شروع ہوئیں اور کہا گیا کہ یہ کیا اٹھا کر لائے ہو ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکہ دار لے آئے ہو، اس کے بعد عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ کہنا شروع کردیا یہ باتیں بانی پی ٹی آئی نے کبھی سرعام نہیں کیں اگر یہ باتیں غلط ہوں تو سابق آرمی چیف سے اور ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو یہ باتیں کسی نے بتائی تھیں ۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ 24نومبر کو پاکستان کا ہر طبقہ فکر احتجاج کا حصہ بنے یہ صرف عمران خان کی جنگ نہیں بلکہ ملک کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ ہے پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی چیئرمین نے ہر طبقے کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے اگر تمام لوگ اس احتجاج کا حصہ بنیں گے تو کامیابی ہمارا مقدر بنے گی عمران خان نے ججوں اور وکلاء سے درخواست کی ہے وہ احتجاج کا حصہ بنیں اور 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں کیونکہ وہ قانون کی بالادستی کے لیے جیل میں ہیں اہلیہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے اس حوالے سے لائحہ عمل اور پیغامات بھیجے ہیں ،کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے اور 24 نومبر کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی یہ صرف عمران خان کی رہائی کی صورت میں تبدیل ہوگی بشریٰ بی بی نے کہا کہ عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس احتجاج کے لیے نکلیں پولیس اور اداروں سے اپیل ہے کہ پرامن مظاہرین پر ظلم نہ کریں ہمارے اوپر ظلم کیا جاتا ہے اور پرچے کاٹے جاتے ہیں ہمیں پرامن احتجاج کرنے دیا جائے ہم نے نہ کبھی قانون ہاتھ میں لیا ہے اور نہ لیں گے بشریٰ بی بی نے کہا کہ اداروں کو بھی یہ بتانا چاہتی ہوں کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار میں آکر کسی سے بدلہ لینے کی خواہش نہیں رکھتے ، جیل میں انہوں نے سیکھا ہے کہ طاقت میں آکر معافی کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں جو بھی ان کے حوالے سے یہ کہہ رہا کہ وہ بدلہ لیں گے تو یہ سب جھوٹ ہے