• news

حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا، چور، ڈاکو پکڑتے، عدالتوں سے چھوٹ جاتے ہیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 26 ویں نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء نے ملاقات کی۔ نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ’’سپر سی ایم‘‘ کا خطاب دے دیا۔ وزیر اعلیٰ  نے حکومتی کارکردگی پر دو گھنٹے بریفنگ دی، شرکاء نے پرجوش تالیاں بجا کر سراہا۔ سربراہ نیشنل سکیورٹی ورک شاپ وفد نے کہاکہ پنجاب میں آنا خوش نصیبی ہے، جہاں عوام کے لیے اخلاص اور کوشش نظر آتی ہے۔ پنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے۔  مریم نواز نے  کہاکہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں سے بہتر ہیں۔ پنجاب میں کوئی بھی تعیناتی سفارش نہیں ہوئی، میرٹ کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی۔ احتساب نہ ہونے سے ہر شعبہ رو بہ زوال ہے۔ سیاسی عدم استحکام سے ترقی اور خوشحالی کا سفر متاثر ہوتا ہے۔ حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا۔ 15 کروڑ عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرنے والا ہر کام میری ترجیح ہے۔ سموگ کو جلد از جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ ہیلتھ اور علاج کی سہولتیں نہ ملنے سے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہم سب پاکستانی ہیں۔ ہمارا مقصد پاکستانیت کا فروغ ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کم اور زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔ سٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیئے، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں۔ ایکسپورٹ بڑھنے سے غیر ملکی امداد پر انحصار کم ہوتا ہے، سر اٹھا کر جی سکیںگے۔ مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل کام ہے، 38 فیصد سے 7 فیصد پر آنا بہت بڑا کام ہے۔ مالی وسائل بڑھا کر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ پورے پاکستان سے لوگ بہتر مستقبل، روزگار، نوکری اور علاج کے لئے پنجاب آتے ہیں۔ 77 سال کے بعد وسائل کی بد انتظامی افسوسناک ہے۔ ترقی کے لئے انفراسٹرکچر نہایت ضروری ہے، دبئی کی مثال سامنے ہے۔ جنوبی ایشیا میں شرح خواندگی کم ہونا شرمناک ہے۔ دوسرے صوبوں میں شہید ہونے والے بھی پاکستانی ہیں، دکھ ہوتا ہے۔ دہشتگردی کے خطرات رہتے ہیں، امن و امان اولین ترجیح ہے۔ ای ٹینڈرنگ اور شفافیت سے روڈ بحالی پروگرام میں 45 ارب بچائے۔ گندم خریداری نہ کر کے 800 ارب روپے بچائے ہیں۔ سپورٹ پرائس نہیں دیں گے، کاشتکار کو کسان کارڈ پر زرعی مداخل، آلات پر سبسڈی دیں گے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور سٹاف کا رویہ بھی مریضوں کو متاثر کرتا ہے۔ ساہیوال واقعہ کے بعد تمام ہسپتالوں میں آگ بجھانے والے آلات فنکشنل کر دیئے۔ گٹر میں گر کر مرنے والے امیروں کے نہیں غرباء کے بچے  ہوتے ہیں۔ رات بھر میں تبدیلی نہیں آ سکتی، بحیثیت قوم کیپسٹی بلڈنگ نہیں ہوئی۔ انتہا پسندی حل طلب مسئلہ ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ پر خصوصی فوکس ہے۔ مذہب اور فرقہ کوئی بھی ہو، ہر فرد کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ بچوں سے زیادتی کے ملزم کو رہائی پر گلے میں ہار ڈالنا افسوسناک ہے۔ ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں، عدالتوں سے چھوٹ کر آ جاتے ہیں۔ صحت، زراعت پر جتنا بھی خرچ کریں، کم لگتا ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جو سر پلس بجٹ دیتا ہے۔ مریضوں کو گولڈن آور میں بڑے ہسپتال پہنچانے کیلئے ائیر ایمبولینس سروس شروع کی۔ عام لوگوں سے براہ راست بات چیت کر کے کوئی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرتی ہوں۔ آفس میں بیٹھ کر ہر چیز خوش نما لگتی ہے مگر زمینی حقائق مختلف ہوتے ہیں۔ 16 ارب کے نواز شریف کینسر ہسپتال میں کسی بھی مریض کو انکار نہیں کیا جائے گا۔ کینسر کے لاعلاج مریضوں کے لئے سپیشل وارڈ بنایا جائے گا۔ پنجاب میں سیف سٹی بنائیں گے، ہر جگہ پینک بٹن لگائیں گے۔  پنجاب سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ بچیوں کو آسانی سے ای بائیک پر سفر کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ کرپشن میری ریڈ لائن ہے، ڈھائی کروڑ کی سرکاری انسولین بیچنے والوں کو جیل تک پہنچایا۔ میرٹ پر آنے والے ہر بچے کو ہونہار سکالر شپ ملے گا۔  27 الیکٹرک بسیں دسمبر میں آ جائیں گی۔ پولیس اور ڈپٹی کمشنرز کو اچھی کارکردگی پر مارکس ملتے ہیں، شکایت پر نیگیٹو مارکنگ ہوتی ہے۔ خاتون کی حیثیت سے بعض اوقات کردار کشی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پنجاب میں خواتین سیاست، ملازمت اور بزنس میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ خواتین کمشنر اور ڈپٹی کمشنر زیادہ متحرک ہیں۔ سرکاری دفاتر میں زیرو پلاسٹک پالیسی سختی سے نافذ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام ہی میری اول و آخر ترجیح ہے۔ پنجاب میں کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے اربوں روپے کے آلات اور ادویات خرید چکے ہیں۔ علاوہ ازیں  مریم نوازنے پنجاب کے پی ایس آر پی سکولوں میں پانچ ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی۔ طلبہ کی لرننگ کیپسٹی بڑھانے کے لئے نئی ماڈرن لیب بھی قائم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ سکولوں کی تعمیر ومرمت کے لئے ری والونگ فنڈز قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ طلبہ میں مطالعہ کی عادت کے فروغ کے لئے سرکاری سکولوں میں موبائل بس لائبریری پراجیکٹ لانچ کرنے پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں یونیفارم کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بہتر کرنا ہمارا عزم ہے۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں جاری سکول میل پروگرام پر رپورٹ پیش کی گئی۔ آؤٹ آف سکول بچوں کے لئے فارمل لرننگ سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے ٹیلی ویژن کے عالمی دن پر  پیغام میں کہا ہے کہ ٹیلی ویژن نے دنیا کو گلوبل ویلیج کی شکل دے دی ہے۔ ٹیلی ویژن معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ، تعلیم، تفریح اور آگاہی فراہم کرنے کا مؤثر وسیلہ ہے۔ ٹیلی ویژن نے ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں برپا کی ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز نے سابق ٹیسٹ کرکٹر وامپائر نذیر جونیئر کے انتقال، ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن