احتجاج کیس، عمران کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ، مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی درخواست مسترد
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ تھانہ نیو ٹائون پولیس نے28 ستمبر کے احتجاج پر بانی پی ٹی آئی کو مقدمہ میں نامزد کیا تھا، بانی پی ٹی آئی کی مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی درخواست کو عدالت نے مسترد کر دیا، تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے بدھ کی شب بانی پی ٹی آئی کی اس مقدمہ میں گرفتاری ڈالی تھی جس کے بعد انہیں اڈیالہ میں قائم جیل عدالت میں پیش کیا گیا۔28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلا ئوگھیرا، پتھرائو، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کی نقصان رسانی سمیت دیگر واقعات پر یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے پندرہ روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے فریقین وکلاء کے دلائل سماعت کے بعد پانچ یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ بانی پی ٹی آئی کے جیل میں سیل کو نیو ٹاون پولیس سٹیشن قرار دے دیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی سے پولیس ٹیم جیل میں ہی تفتیش کرے گِی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو26 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔