• news

ایک خاتون نے پاکستان کے دوست ملک پر حملہ کیا، عوام مارچ کی کال پر کان نہیں دھریں گے: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام اب دھرنوں اور لانگ مارچ کی کال پر کان نہیں دھریں گے۔ جب پاکستان ترقی کی راہ پر جا رہا ہوتا ہے تو یہ لوگ کیوں آجاتے ہیں، جس کے دل میں وطن کی محبت ہو وہ ایسے کام نہیں کر سکتا۔ ان کا ایجنڈا بہت خطرناک اور سمجھ سے باہر ہے، دشمنوں سے بچیں یا اپنوں سے دفاع کریں۔ پولیس افسر اور جوان دہشت گرد نہیں جو ان کی وردیاں پھاڑی جاتی ہیں اور ہڈیاں توڑی جاتی ہیں۔ صوبوں کو جوڑنا چاہیے جیسے مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ صوبوں کو جوڑنے کی کوشش کی۔ پاکستان پر بے یقینی کی گرد ہٹ رہی ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ کے پی کے کی حکومت وفاق اور پنجاب پر حملہ آور ہوتی ہے، اب ایک اور حملہ کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ کچھی کینال بحالی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہباز سپیڈ سے کچھی کینال بحال منصوبہ  45 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا، مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ کچھی کینال منصوبہ نواز شریف کے دور میں 2017 میں پایہ تکمیل کو پہنچا۔ شہباز شریف چاروں صوبوں کو قریب لانے کے نواز شریف کے وژن کو اگے بڑھا رہے ہیں۔ گزشتہ 16 ماہ میں پاکستان کے دشمن اور بد خواہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کرتے تھے۔ مہنگائی کے جن کو قابو کرنا آسان کام نہیں ہے، یہ نواز شریف کا وژن اور شہباز شریف کی محنت کی وجہ سے کم ہوئی ہے۔ مہنگائی کم ہونے سے لوگوں کی زندگی میں آسانی اور خوشحالی آ رہی ہے۔ پاکستان کے بد خواہوں کو اور خوشحالی کے دشمنوں کو عوام کی ترقی برداشت نہیں ہے۔ پاکستان کے بدخواہ آئے روز دھرنے اور جلوسوں سے ترقی کے راستے کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ عوام ان کے دھرنوں اور لانگ مارچ کی کال پر کان نہیں دھرتے۔ ان کے دھرنے اور احتجاج مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ کچھی کینال نہ صرف پنجاب اور بلوچستان کو ملاتی ہے بلکہ دو صوبوں کے لوگوں کے دلوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ مخالفین کے چار سالہ دور اقتدار میں اتنی نااہلی اور مجرمانہ غفلت تھی کہ دو روپے کی روٹی 25سے 30 تک پہنچ گئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں 30 روپے کی روٹی دوبارہ 12 روپے کی ہو چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف دن رات کوشش کر کے بجلی کی قیمتوں کو بھی کم کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے دور میں چاروں صوبے قریب آنے لگتے ہیں، یہ سب جذبہ حب الوطنی کی بدولت ممکن ہوتا ہے۔ شہباز شریف نہ صرف معاشی اشاریوں کو بہتر کر رہے ہیں بلکہ خارجہ پالیسی کو بھی از سر نو استوار کر رہے ہیں۔ گزشتہ چار سالوں میں پاکستان کے دوستوں کو دشمن بنایا گیا، اب ان دوستوں کو دوبارہ اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ شنگھائی کانفرنس کے مناظر پاکستانیوں نے کئی دہائیوں بعد دیکھے ہیں۔ ایک خاتون نے پاکستان کے دوست ملک پر حملہ کیا۔ خاتون کی جانب سے حملہ پاکستان کے محسن اور قابل اعتماد دوست پر کیا گیا۔ ان نادانوں کو پتہ نہیں ہے کہ اس حملے سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچے گا۔ پاکستان کی ترقی میں صرف دہشت گرد ہی خلل نہیں ڈال رہے بلکہ ہمارے اپنے لوگ بھی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ 73 سالوں میں پاکستانیوں نے ایسا وقت نہیں دیکھا کہ جب ایک صوبائی حکومت دوسرے صوبے اور وفاق پر حملہ کرے۔ کے پی کے حکومت پنجاب اور وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے۔ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان ترقی کر رہا ہے، پاکستان اوپر اٹھ رہا ہے۔ جب بھی پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہوتا ہے یہ دھرنے اور احتجاجی جلوس لے کر آ جاتے ہیں۔ ان کا ایجنڈا عوام کی سمجھ سے بالاتر ہے، ان کا ایجنڈا پاکستان کی تباہی اور بربادی ہے۔ جس کے دل میں بھی پاکستان کا تھوڑا سا درد ہو وہ ایسے حملے نہیں کرتا۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ حملے ہمارے دشمن نہیں کر رہے بلکہ ہمارے اپنے ہی لوگ کر رہے ہیں۔ پنجاب پولیس کے جوانوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، پنجاب پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ پنجاب پولیس کو حکم دیا کہ کے پی کے سے آنے والے لوگوں پر گولی نہ چلائی جائے، یہ بھی ہمارے اپنے لوگ ہیں۔ جب ایک صوبہ دوسرے صوبے پر حملہ کرے گا تو ایسے میں کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ پہلے کہتے تھے کہ امریکہ نے ہمیں نکالا ہے، اب ان کے جلسوں میں امریکہ کے جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں۔  آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ اپ کو کسی نے نہیں نکالا، آپ کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے نکالا۔ آپ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کو آئینی طور پر نکالا گیا۔ آپ سے پہلے پاکستان کے جتنے وزیراعظم تھے ان کو غیر آئینی طریقے سے نکالا گیا تھا۔ جب آپ کو پارلیمنٹ نے نکالا تو آپ نے ملک پر حملے شروع کر دیے اور 9 مئی جیسا گھناؤنا حملہ کیا۔ جلسے جلوس کرنا سیاسی جماعت کا حق ہے۔ جلسے جلوس اور احتجاج کی آڑ میں جلاؤ گھیراؤ کرنے، آگ لگانے اور معاشی ترقی کے سفر کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلاؤ گھیراؤ جیسی حرکتوں سے باز نہ آئے تو وزیراعظم پاکستان اور ہم بخوبی جانتے ہیں کہ وطن کے دفاع میں کیا کرنا ہے۔ علاوہ ازیں  مریم نواز نے پنجاب میں 3مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء  کی اصولی منظوری دے دی جس کے تحت چشتیاں میں 3مرلہ سکیم کے تحت 666پلاٹ دے کر سکیم کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی چھت…… اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اوردیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹ کے تحت 927درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر لی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام کے تحت800سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ 50ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کیلئے اخوت کو ٹرانسفر کیا گیا جس میں 38 ہزار کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔ 20900درخواست دہندگان نے مطلوبہ دستاویزات جمع کروا دیں اور8424 کے کاغذات کی مکمل جھان بین کر لی گئی۔ اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام کے پورٹل کے رجسٹرڈ یوزر کی تعداد 6لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور پورٹل پر گھروں کیلئے سوا تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 تک47 ہزار گھر اور اگلے دسمبر تک1لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب  نے اپنی چھت اپناگھر پراجیکٹ کو تیز ترکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے، ضرور پورا کریں گے۔ نعروں اور دعووں پر یقین نہیں رکھتے، اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے۔ دوسری جانب مریم نواز نے ساہیوال کے نواحی گاؤں میں بہو کو زندہ جلانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور آر پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن