چیمپئنز ٹرافی‘آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس26نومبر کو طلب، اہم فیصلے متوقع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ طلب کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ 26 نومبر کو طلب کی گئی ہے جس میں بھارتی اور پاکستان کرکٹ بورڈ شریک ہوں گے۔ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائیگا۔ہنگامی میٹنگ میں تمام بورڈز ممبرز بھی شریک ہوں گے۔ آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ ورچوئل ہو گی اور اس میں بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے سے انکار پر بات چیت ہو گی اور آئی سی سی مختلف معاملات کو حتمی شکل دیگا۔ میٹنگ میں شیڈول ، فارمیٹ ، گروپ سٹیج کے مقابلے سمیت پاکستان ‘بھارت میچ پربات ہوگی۔ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں سیمی فائنلز اور فائنل کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل کے رضامند ہونے یا نہ ہونے پر بھی اجلاس میں بات کی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو تا حال آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ کے حوالے سے کچھ آگاہ نہیں کیا گیا۔ پی سی بی کو آئی سی سی کی چیمپئنز ٹرافی کی ہنگامی میٹنگ پر کوئی معلومات نہیں، ایسا ممکن نہیں کہ ہنگامی میٹنگ ہو اور میزبان ملک کو نہ بتایا جائے۔ آئی سی سی کی جانب سے کسی بھی ذرائع سے اب تک پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے جبکہ پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی تاحال شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کیلئے دبائو کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاکستان‘ بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔