خیبر پی کے، بلوچستان میں آپریشنز، 3 خوارجی، 4 دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی گرفتار
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی + نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بنوں میں آپریشن کے دوران 3 خوارج ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ خوارج سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاقے میں چھپے خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ضلع کیچ‘ آواران اور ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔ دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ بیان میں کہا انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے متحرک ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ محسن نقوی نے بنوں میں 3 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔