• news

انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو اشتہاری قرار دیدیا

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی نااہلی پر احتجاج کرنے پر وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آئی 9 میں درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا ہے۔ اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکمنامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ دوران سماعت ملزمان راجا راشد حفیظ، واثق قیوم، راجا خرم نواز، فیصل جاوید، عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ تمام غیر حاضر ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے اور ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جاتے ہیں، کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن