190 ملین پاؤنڈ کیس، بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری 26 نومبر کو پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار+ آئی این پی) 190ملین پاونڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ بشریٰ بی بی جمعہ کو بھی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں پیش نہیں ہوئیں۔ وارنٹ بشریٰ بی بی کی مسلسل عدم حاضری پر جاری کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل، 15 نومبر کو ہونے والی سماعت کے دوران احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے توشہ خانہ کیس کی سماعت میں مسلسل غیر حاضری پر بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد اکثر سماعتوں میں پیش نہیں ہو رہی ہیں، عدالت نے بھی آرڈر میں لکھا تھا کہ بشریٰ بی بی ضمانت کا غلط استعمال نہیں کریں گی۔ استدعا ہے کہ عدالت سے مسلسل عدم پیشی پر بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منسوخ کی جائے۔ عدالت نے نیب کو بشری بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضامن کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔ بشری بی بی کے وکیل نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا کی درخواست کی۔ نیب نے اعتراض کیا کہ بشری بی بی کا میڈیکل پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا ہے جبکہ نوٹری اٹیسٹیشں اسلام آباد سے ہوئی۔