فورسز ملک میں امن ، سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی: آرمی چیف
اسلام آباد+ پشاور (خبر نگار خصوصی+ بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر نے 19 نومبر کو منعقدہ نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی اجلاس کے فالواپ میں پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو خطے میں جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بھی موجود تھے۔ آرمی چیف نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ یہ قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں، یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل جذبے اور لگن کو تحریک دیتی ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی۔ جنرل عاصم منیر نے ملک دشمن دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے عزم کو دہرایا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مربوط اور مضبوط آپریشنز کے ذریعے پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر امن کے دشمنوں کا تعاقب جاری رکھے گی تاکہ دیرپا استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پشاور پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔