• news

پی ٹی آئی احتجاج: راستے بند ایمبولینسیں پھنس گئیں، ایک مریض جاں بحق، دوسرے کی حالت تشویشناک

گوجرانوالہ‘ گجرات‘ وزیر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر راستوں کی بندش کے باعث ایک مریض جاں بحق‘ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔ گوجرانوالہ اور گجرات کے درمیان چناب ٹول پلازہ پر دو باراتیں پھنس گئیں‘ گھنٹوں کے انتظار کے بعد دونوں باراتیں لوٹ گئیں۔ باراتیں سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے گجرات اور جہلم جا رہی تھیں۔ باراتیوں نے راستوں کی بندش پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ گجرات میں دریائے چناب اور دریائے جہلم پل ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیے جانے کے باعث دو ایمبولینسں ٹریفک رش میں پھنس گئیں، راستہ نہ ملنے پر ایک مریض جاں بحق دوسرے کی تشویشناک حالت‘ دو روز سے لاہور اور اسلام آباد سمیت ملحقہ اضلاع کے جانیوالے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہونے پر لاہور سے اسلام آباد اور سرائے عالمگیر سے راولپنڈی مریضوں کو لیکر جانے والی2 ایمبولینس جہلم پل پر راستہ نہ ملنے کے باعث ٹریفک میں کئی گھنٹوں تک پھنسی رہیں جس کے باعث لاہور سے اسلام آباد کیلئے جانے والا مریض سرائے عالمگیر میں ایمبولینس میں ہی جاں بحق ہو گیا جس کی لواحقین نے راستہ نہ ملنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئے روز احتجاجی تحریکوں کیوجہ سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے۔ رش میں پھنسی ایمبولینس سے میت کو سٹریچر پر پیدل لیجانے کیلئے مجبور ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن