• news

 ویڈیو بیان‘ بشریٰ بی بی کے خلاف گوجرانوالہ‘ ملتان‘ لیہ‘اوکاڑہ میں بھی مقدمات 

ملتان‘ گوجرانوالہ ‘اسلام آباد‘ اوکاڑہ (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی+این این آئی) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے متنازع ویڈیو بیان پر ڈی جی خان اور راجن پور کے بعد مزید مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ بشریٰ بی بی کے خلاف ملتان‘ لیہ اور گوجرانوالہ میں بھی مقدمات درج کر لئے گئے۔ ایف آئی آر کے مطابق بشریٰ بی بی کا بیان سوچی سمجھی سازش ہے جس سے جذبات مجروح ہوئے۔ بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کیلئے نفرت انگیز بیان دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بیان پر وزرا کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹوئٹ حذف کردی گئی۔واضح رہے کہ اس معاملے پر پی ٹی آئی کی قیادت نے بشریٰ بی بی کے بیان سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق حکمران جماعت کی جانب سے تبصروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خان کی اہلیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ کوئی بھی بیان دینے سے پہلے پارٹی سے مشورہ کریں۔ مزید یہ کہ وہ 24 نومبر کے احتجاج میں ’’مرکزی کردار‘‘ ادا نہیں کریں گی۔انہوں نے مشال یوسفزئی کے ذریعے اپنے شوہر کو پیغام بھیجنے کی کوشش بھی کی تاہم وکیل کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں ملی۔عمران خان نے حکم دیا کہ اس معاملے پر پارٹی قیادت کے تحفظات کے بعد بشریٰ بی بی کو سیاست سے دور رکھا جائے۔ بشری بی بی پر تھانہ صدر اوکاڑہ میں مقدمہ درج  مقدمہ کا اندراج مقصود احمد سکنہ 29  ٹو ار کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن