سرکاری سکیم، 6 روز میں 15 ہزار 844 درخواستیں: عازمین کی رہنمائی کیلئے موبائل ایپ فعال
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سرکاری حج سکیم کیلئے پہلے 6 روز میں 15 ہزار 844 درخواستیں موصول ہو گئیں ہیں جبکہ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے موبائل ایپ پاک حج بھی فعال کر دی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ حج درخواستیں اسلام آباد میں جمع ہوئیں۔ اسلام آباد میں 5 ہزار 485 درخواستیں موصول ہوئیں۔ کراچی میں 3 ہزار 53، لاہور میں 5 ہزار 118 ، ملتان سے 1807، کوئٹہ سے 381 افراد نے درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق موبائل ایپ کے ذریعے حج آپریشن، حج پیکیج کی معلومات، اعلانات اور رہنمائی دی جائے گی۔ عازمین حج کو تربیتی پروگرام، پروازوں کے شیڈول کی آگاہی دی جائے گی۔ نقشوں کی مدد سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر کے راستوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ایپ پاک حج گوگل پلے سٹور پر دستیاب ہے۔ رجسٹریشن، لاگ ان کیلئے شناختی کارڈ اور بینک سے موصول ہونے والا حج درخواست نمبر استعمال کریں۔ آنے والے دنوں میں درخواستوں کی وصولی کا عمل تیز ہو گا۔ درخواستوں کی وصولی کا عمل 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔