غزہ، لبنان میں اسرائیلی بمباری سے خواتین، بچوں سمیت 54 افراد شہید، 40 سے زائد زخمی
تل ابیب ، غزہ، بیروت (آئی این پی + این این آئی) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پٹی پر تازہ حملوں میں خواتین و بچوں سمیت مزید 54 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 120 فلسطینی شہید ہوئے ہیں،بمباری سے مسجد بھی شہید کردی گئی جبکہ اسرائیلی حملوں سے ایک اسرائیلی یرغمالی بھی مارا گیا۔ جبکہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے مشرقی علاقوں میں فضائی حملے کر کے مزید 24 افراد کو شہید کردیا،لبنان سے ڈرون اسرائیل میں داخل ہونے پر سائرن بج اٹھے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطین کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ صیہونی فوج نے سفاکانہ کارروائی میں شمالی حصے میں ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طبی عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوئے، حملے میں طبی آلات کو بھی نقصان پہنچا ۔محکمہ صحت کے مطابق غزہ کے مضافاتی علاقے زیتون میں رات گئے اسرائیلی فورسز نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، اس حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ دیگر افراد وسطی اور جنوبی غزہ پر کیے گئے حملوں میں شہید ہوئے۔ اسرائیل کی فورسز کے حملو ں میں 19 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران فلسطینی شہداء کی تعداد120سے تجاوز کرگئی ۔ادھر حماس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملے کے نتیجے میں اسرائیل کی ایک خاتون قیدی بھی ہلاک ہوگئی ہے۔ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی وجہ سے ہلاک ہونے والی اسرائیلی خاتون کے ساتھ موجود دیگر خواتین قیدیوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔