• news

68 رکنی بیلا روسی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، صدر شینکو آج آئیں گے، محسن نقوی کی مہمان وزراء سے ملاقات

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) بیلا روس کے وزیر خارجہ 68 رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو آج پاکستان پہنچیں گے۔ وزارت خارجہ نے بتایا دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفد میں بیلا روس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر صنعت، وزیر عدل و انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل ہیں۔ وفد میں بیلاروس کی 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریجنکوف اور وزیر توانائی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی آمد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن