• news

کرم بدامنی کی آگ میں جل رہا، خیبر پی کے حکومت لاپتہ، عوام کے تحفظ میں ناکام: بلاول

کراچی +لاہور(این این آئی+نامہ نگار+کامرس رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پی کے کے ضلع کرم میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نے کہا کہ ایک طرف ضلع کرم بد امنی کی آگ میں جل رہا ہے، تو دوسری جانب خیبرپی کے حکومت صوبے سے لاپتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں تین دنوں کے دوران  80 شہری قتل ہوچکے ہیں کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ بدامنی کے دوران حکومت کا خاموش تماشائی بننا دہشتگردوں کا اتحادی بننے کے مترادف ہے۔ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن  پی ٹی آئی کی صوبائِی حکومت شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ ضلع کرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔ ہلاکتوں پر دل خون کے آنسو  بہا رہا ہے۔ خیبر پی کے کو یوں بدامنی کی آگ میں جلتا نہیں دیکھ سکتے۔ ضلع کرم سمیت پورے خیبر پی کے  میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔ بلاول بھٹو نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے بھی ضلع کرم کی صورتحال پر رپورٹ طلب کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے بین الاقوامی دن کے موقع پر خواتین پر ہر قسم کے تشدد کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے خواتین کو خود مختار بنانے اور ان کی حفاظت، وقار اور حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بناکر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہے جہاں خوف، تفریق اور تشدد کی کوئی جگہ نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن