• news

جوڈیشل کمشن اجلاس سندھ ہائیکورٹ  میں آئینی بنچز کیلئے 9ججز کی نامزدگی :چیف جسٹس نت محالفت ما ق میں ووٹ نہیں دیا 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر) جوڈیشل کمشن نے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز  کیلئے 9 ججز کی نامزدگی کر دی۔ ذرائع کے مطابق آئینی بینچز کی تشکیل کیلئے جوڈیشل کمشن میں اکثریتی رائے سے فیصلہ ہوا اور آئینی بینچز کیلئے 9 ججز کے حق میں 11 ووٹ آئے۔ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی تاہم چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔ جوڈیشل کمشن نے شبلی فراز اور عمر ایوب کا دو گھنٹے تک انتظار کیا۔ شبلی فراز اور عمر ایوب 2 بجے تک سپریم کورٹ سٹاف سے رابطے میں تھے لیکن دن دو بجے کے بعد دوبارہ رابطے پر پی ٹی آئی ارکان کے فون بند ملتے رہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ آئینی کمیٹی جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال، جسٹس محمد سلیم جیسر پر مشتمل ہو گی۔ آئینی بینچز  میں جسٹس ذوالفقار علی سانگی، جسٹس ارباب علی ہیکڑو، جسٹس یوسف علی سعید، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس ثناء منہاس اکرام اور جسٹس عبدالمبین لاکھو شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن