آئینی ترمیم کیخلاف درخواست :لاہور ہائیکورٹ کی سپریم کورٹ سے رجوع کرنیکی ہدایت
لاہور ( این این آئی+خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے 26ویں آئینی ترمیم کالعدم قرار دینے کی درخواست نمٹا دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے شہری نذیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر اعتراض لگایا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، اس صورتحال میں لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت نہیں ہو سکتی۔دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کر رکھی تھی، آپ نے ایک بھی دستاویز درخواست کیساتھ منسلک نہیں کی، یہ طریقہ کار غلط ہے کہ ایک مسئلے پر پورے ملک کی عدالتوں میں درخواستیں دائر کر دیں۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے معاملے پر درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹادی۔