اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے صدر زرداری کو ایوان صدر سے انتہائی عزت و احترام اور بھرپور پذیرائی کیساتھ رخصت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم صدر زرداری کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کرینگے۔ ذرائع نے تبایا نوازشریف جب بھی ایوان صدر گئے صدر زرداری نے اپنے دفتر سے باہر آ کر ان کا استقبال کیا۔ نوازشریف نے بھی اس جذبے کے تحت جواب دیا اور صدر زرداری جب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے تو وزیراعظم نے خود ان کا استقبال کیا اور خطاب کے بعد رخصت بھی کیا۔ اب نوازشریف نے صدارتی منصب چھوڑنے سے قبل صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاﺅس میں خصوصی تقریب اور عشائیہ کا اہتمام کیا ہے جو اگست کے آخر میں ہو گا۔ 8ستمبر کو صدر زرداری کے ایوان صدر سے رخصت ہونے پر تینوں مسلح افواج کے دستے گارڈ آف آنر پیش کرینگے جبکہ سروسز چیفس سمیت اہم شخصیات سے ان کی الوداعی ملاقاتیں بھی اب شروع ہو جائیں گی۔